Quick Links

طلبہ کی تعلیمی نگرانی اورآن لائن تعلیم کا سلسلہ جاری رکھیں مدارس: حضرت امیر شریعت (2022-01-16)


طلبہ کی  تعلیمی نگرانی اورآن لائن تعلیم کا سلسلہ جاری رکھیں مدارس: حضرت امیر شریعت

 وفاق المدارس الاسلامیہ امارت شرعیہ کی امتحان کمیٹی کی میٹنگ میں آن لائن تعلیم اور امتحان کے انعقاد سے متعلق اہم فیصلے

آج مورخہ 15 جنوری 2022 روز سنیچر کو صبح نو بجے سے امتحان کمیٹی وفاق المدارس الاسلامیہ امارت شرعیہ پھلواری شریف، پٹنہ کی ایک میٹنگ آن لائن زوم پر زیر صدارت امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب منعقد ہوئی۔

 میٹنگ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر شریعت نے فرمایا کہ پورے ملک میں 33 فیصد بچوں نے لاک ڈاؤن کے دوران معاشی مسائل کی وجہ سے تعلیم ترک کر دی ہے ، نیز تعلیمی سرگرمیوں کے انقطاع کی وجہ سے بچوں کی علمی صلاحیت پر بہت بُرا اثر پڑا ہے ۔مدارس کے طلبہ بھی اس منفی اثر سے بچ نہیں سکے ہیں، اس لیےجو مدارس بھی آن لائن تعلیم کا نظم کر سکتے ہیں وہ ضرور کریں ۔ امتحان کو بالکل ملتوی کرنے کے بجائے مدارس کھلنے کے بعد امتحان ضرور لیا جائے ، اس سے بچوں کے اندر دلچسپی قائم رہے گی اور وہ آن لائن تعلیم میں بھی شریک ہوں گے اور گھروں پر رہ کر محنت کرتے رہیں گے اور تعطیل کے ایام کو امتحان کی تیاری میں لگائیں گے ۔وفاق المدارس الاسلامیہ کے ناظم مولانا مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی صاحب نے افتتاحی گفتگو کرتے ہوئے میٹنگ کی غرض و غایت بیان کی اور کہا کہ آج کی میٹنگ کا مقصد لاک ڈاؤن کے دوران تعلیمی سرگرمیوں کو بحال رکھنے ،طلبہ کے لیے امتحان کے انعقاد اور امتحان کے سوالات تیار کرنے کے تعلق سے غور کرنا ہے ۔ انہوں نے وفاق سے ملحق مدارس کی کارکردگی بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے 1441 اور 1442 ہجری میں امتحان نہیں ہو سکا ۔ اکثر مدارس میں ششماہی امتحان کی بنیاد پر ترقی دی گئئ، بعض مدارس میں آن لائن امتحان ہوا۔ بعض مدارس میں سال لوٹا یا گیا ۔ ابھی بھی صورت حال یہ ہے کہ اکثر مدارس بند ہیں۔ موجود ہ لاک ڈاؤن کے پہلے تک 150 ایسے مدرسے تھے جو طعام و قیام کے ساتھ چل رہے تھے۔123 مدرسوں میں ہوسٹل نہیں کھلا تھالیکن تعلیم شروع ہو گئی تھی۔سالانہ امتحان 2019(1440 ہجری) میں دورۂ حدیث تک کے طلبہ نے شرکت کی ، شعبۂ حفظ کے 1514، دینیات اول تا پنجم کے 6095 اور عربی اول تا دورۂ حدیث کے 1014 طلبہ نے سالانہ امتحان میں حصہ لیا۔ کل طلبہ جنہوں نے امتحان میں شرکت کی ، ان کی تعداد 8623 ہے۔

موضو ع کی مناسبت سے قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب،مولانا قاضی محمد انظار عالم قاسمی، نائب ناظم مولانا سہیل احمد ندوی، مفتی امارت شرعیہ مولانا مفتی سعید الرحمن قاسمی، نائب مفتی مولانا احتکام الحق قاسمی، ناظم امتحان مولانا مفتی انوار احمد صاحب، مولانا محمد عادل فریدی وغیرہ نے قیمتی مشورے دیے۔ اس میٹنگ میں صدر مفتی امارت شرعیہ مولانا مفتی سہیل احمد قاسمی، مولانا نور الحق رحمانی، مولانا اختر امام عادل قاسمی، مولانا احسان الحق قاسمی قاضی شریعت ڈہری اون سون، مولانا مفتی ابو بکر قاسمی، مولانا مفتی شرافت علی ندوی، مولانا احتشام رحمانی، مولانا سعید کریمی بھی شریک رہے۔

تمام لوگوں کے مشورے سے طے پایا کہ مدارس میں آن لائن تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا جائے ، اسباق کے ویڈیو بنا کر یو ٹیوب پر یا امارت شرعیہ کے چینل پر اپلوڈ کر دیا جائے تاکہ وہاں سے طلبہ اس کو ڈاؤنلوڈ کر کے استفادہ کر سکیں۔ حالات رمضان سے قبل سازگار نہ ہوں تو شوال میں مدارس کھلنے کے بعد امتحان لیاجائے ۔ امتحانا ت کے سوالات بنانے اور تعدیل وغیرہ کے مراحل مکمل کر لیے جائیں ۔یہ بھی طے ہوا کہ  سرکاری گائڈ لائن کے مطابق مدارس کھلنے اور حالات معمول پر آنے کے بعد وفاق المدارس الاسلامیہ کا انتخابی اجلاس اور اساتذہ کی تربیت کا اجلاس بڑے پیمانے پر کیا جائے ۔ جس میں بین الاقوامی سطح کے ماہرین تعلیم کو بلوایا جائے۔

میٹنگ کا آغاز مولانا سعید کریمی رفیق وفاق المدارس الاسلامیہ کی تلاوت سے ہوا اور آخر میں حضرت امیر شریعت مد ظلہ کی دعا پر میٹنگ اختتام پذیر ہوئی۔

 



درج ذیل خبر پڑھنے کے لئے ہیڈ لائن پر کلک کریں

© 2006 Imarat Shariah Bihar, Odisha & Jharkhand                                                   Website Designed By : Madni Soft Solutions (08273074473)